بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 21 دہشت گرد ہلاک؛ 2 افسران سمیت 6 جوان شہید

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع چاغی اور پشین میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوان شہید ہو گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ میں دہشت گردوں نے این-40 قومی شاہراہ پر بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی ناکہ قائم کر کے مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

دوسری جانب ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں کسٹمز ہاؤس پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو مار گرایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض سے روکنا تھا۔ علاقے میں باقی ماندہ عناصر کے خاتمے کے لیے ‘وژن عزمِ استحکام’ کے تحت کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔