بلوچستان کے علاقے واشک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان میں ‘آپریشن ردالفتنۃ’ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے بلوچستان کے علاقے واشک (پلانتک) میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گرد ماشکیل پولیس اسٹیشن اور کسٹم ہاؤس پر ہونے والے حملوں میں ملوث تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال گاڑی بھی تباہ کر دی، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔ حکام نے اعادہ کیا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔