حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی کر دی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو مزید راحت دیتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر کے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نظرثانی شدہ میکنزم کے تحت جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 58 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 342 روپے 2 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 371 روپے 44 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ وزارتِ توانائی کے مطابق نئی ایکس ڈپو قیمتوں کا اطلاق 29 اگست سے 31 اگست 2026 تک کے لیے ہوگا۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں امریکی خام تیل اور برطانوی برینٹ کی قیمتوں میں معمولی کمی جبکہ مربان خام تیل کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔