ایران دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، دشمن کے لیے ’سرپرائزز‘ تیار ہیں: مسعود پزشکیان

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں بنیادی ڈھانچے کے مختلف منصوبوں کی افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا اور جارحیت کے خلاف پوری قوت سے ڈٹا رہے گا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے جنگ شروع کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے، لیکن دھمکیوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ امریکی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی سے ملکی تجارت متاثر ہوئی ہے، تاہم حکومت افراطِ زر پر قابو پانے، مارکیٹ میں استحکام اور معیشت کا انحصار امریکی ڈالر پر کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول برقرار رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے حل کی کوششوں پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب ایران کے قائم مقام وزیرِ دفاع مجید ابن الرضا نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران نے اپنے مخالفین کے لیے اہم ‘سرپرائزز’ تیار کر رکھے ہیں جو مناسب وقت پر سامنے آئیں گے۔ جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران کے خلاف مالی دباؤ کی مہم “Economic D-Day” کو مزید شدید کر دیا ہے۔