راولپنڈی: سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفدلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تاریخی و دفاعی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ سعودی وزیر نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے بالخصوص زراعت اور ماحولیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے بھی جی ایچ کیو کا دورہ کر کے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی، جس میں دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

