راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (POF) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے جدید ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ و ٹرائلز کا مشاہدہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیتوں، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ڈی آئی پی آر اے (DIPRA) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے (کارپوریٹائزیشن) کے عمل میں پیشرفت اور دو نئے نصب کیے جانے والے صنعتی پلانٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کا امکان ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور ورک فورس کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ مورال کو سراہتے ہوئے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

