مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں نو منتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے، مسئلہ کشمیر زمین کے کسی ٹکڑے کا نزاع نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کا بنیادی معاملہ ہے۔
قانون ساز اسمبلی کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 5 اگست 2019ء کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محض یکطرفہ قانون سازی سے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کی بدولت ہی کشمیری اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔
نومنتخب وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی پنجاب کی طرز پر ترقیاتی انقلابی اصلاحات لائی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں میرٹ کی یقینی فراہمی کے لیے NTS جیسے تھرڈ پارٹی سسٹم کا نفاذ کیا جائے گا، جبکہ ہیلتھ، ایجوکیشن، ڈیجیٹل اکانومی اور عوام کی سہولت کے لیے ‘سیٹیزن پورٹل’ کا قیام ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

