مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب، حلف اٹھا لیا

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر افتخار گیلانی قانون ساز اسمبلی سے 30 ووٹ حاصل کر کے آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں، جس کے بعد قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے ان سے عہدے کا حلف لے لیا ہے۔

قانون ساز اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ میں کل 44 ووٹ ڈالے گئے جس میں (ن) لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی کو 30 جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد عباسی کو 14 ووٹ ملے۔

حلف برداری کے بعد ایوان سے اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں میرٹ کی بالادستی، ہیلتھ کارڈ، این ٹی ایس کا شفاف نظام، اور پنجاب کی طرز پر ترقیاتی اصلاحات لانا ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہو گی۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خطے کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی اس سے قبل 2011ء اور 2016ء میں بھی قانون ساز اسمبلی کے رکن اور سابق وزیر تعلیم رہ چکے ہیں، اور حالیہ انتخابات میں وہ ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست سے منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں۔