سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے خلاف نوجوانوں کا کردار اہم ہے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈے سے متاثرہ موجودہ دنیا میں حقائق پر مبنی تجزیہ انتہائی اہم ہے، اور اس گمراہ کن پروپیگنڈے کے سدباب کے لیے نوجوانوں کا مثبت و بامعنی کردار وقت کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کے مطابق ہارورڈ بزنس اسکول کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتِ حال، پاکستان کے امن و استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں میں تعلیم، ہنر مندی، کریٹیکل تھنکنگ اور کاروباری صلاحیتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دوسری جانب ہارورڈ کے طلبہ نے پاکستان کے اپنے دورے کو شاندار قرار دیتے ہوئے یہاں کے عوام کی روایتی مہمان نوازی، گرمجوشی اور ملک میں موجود معاشی و دفاعی امکانات کی تعریف کی ہے۔