پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانے کا ’پروٹوکول ایگریمنٹ 2026‘ طے پا گیا

اسلام آباد: پاکستان اور کویت کے درمیان تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دفاعی تعاون کے نئے ’پروٹوکول ایگریمنٹ 2026ء‘ پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے تفصیلی ملاقات کی اور معاہدے پر دستخط کیے۔

وزارت دفاع کے مطابق یہ نیا معاہدہ 2023ء کے دفاعی تعاون معاہدے کے فریم ورک کا تسلسل ہے۔ اس کے تحت پاک فوج کویتی مسلح افواج کو تربیت، صلاحیتوں میں اضافہ، سرحدی انتظام (بارڈر مینجمنٹ) اور باہمی طور پر طے شدہ دیگر دفاعی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔ دونوں برادر ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے اس شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔