ٹیم کے لیے جو بہتر ہوگا وہی کھیلے گا، سینئر کو باہر بٹھانے میں برائی نہیں: بابر اعظم

لندن: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل واضح کیا ہے کہ ٹیم کے بہترین مفاد کے لیے اگر سینئر کھلاڑی کو بھی باہر بٹھانا پڑے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے اور صرف وہی کھیلے گا جو ٹیم کے لیے سب سے بہتر ہوگا۔

لارڈز میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کپتان نے انگلی کی انجری سے مکمل صحتیابی اور دوسرے ٹیسٹ کے لیے اپنی دستیابی کی تصدیق کی۔ بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لارڈز کی پچ پر گھاس دکھائی دے رہی ہے، جس کے بعد پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ حالات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

انہوں نے بیٹنگ میں اچانک وکٹیں گرنے کی خامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ رضوان پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

بابر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فتح کے لیے پوری پلیئنگ الیون پر برابر کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ صرف بولرز ہی 20 وکٹیں لیں اور بیٹرز اپنا کردار ادا نہ کریں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم لارڈز کے تاریخی میدان میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے اور سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔