تہران: حکومتِ ایران نے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کو انتہائی مثبت، تعمیری اور کامیاب قرار دیتے ہوئے اہم سفارتی کامیابیوں کی بشارت دی ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے دفتر سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے سے اہم اور مثبت پیش رفت حاصل ہوئی ہے جس کے نتائج جلد ہی عالمی و علاقائی سطح پر ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے بھی تصدیق کی کہ پاکستانی حکام اور ایرانی صدر و اعلیٰ قیادت کے درمیان تمام ملاقاتیں خوشگوار، دوستانہ اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئیں، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر کامل اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں ایران امریکا تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی کمی، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے اقدامات اور علاقائی امن کی بحالی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی سہولت کاری میں پاکستان کے مخلصانہ و تعمیری کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔

