ماسکو: مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری شدید کشیدگی کے خاتمے کی نئی امید پیدا ہو گئی ہے، کیونکہ روسی میڈیا نے دونوں ممالک کے درمیان ایک نئی جنگ بندی پر اتفاق کا دعویٰ کیا ہے۔
روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران اور پاکستان کے باخبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دونوں فریقین نے نئے معاہدے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) سے تجارتی و بحری آمدورفت کی آزادانہ بحالی بھی شامل ہو گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ بندی کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے، جس کے بعد تکنیکی سطح کے اجلاس منعقد کر کے تمام نکات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جون کے وسط میں دونوں ملکوں کے درمیان ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ پر دستخط ہوئے تھے، تاہم بعد میں دوبارہ کشیدگی بڑھ گئی تھی۔
اگرچہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف معاشی گھیراؤ تنگ کرنے کے نئے اقدامات کا اعلان کیا تھا جسے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے داخلی بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا تھا، لیکن ثالثوں کے ذریعے پسِ پردہ مذاکرات جاری رہے۔ تاہم، اس نئی جنگ بندی سے متعلق فی الحال امریکا یا ایران کی حکومتوں نے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
