چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے، ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات

تہران: پاک فوج کے چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایک اہم سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔ تہران پہنچنے پر ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کیا۔

بعد ازاں، فیلڈ مارشل اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ سے اعلیٰ سطح کی اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپیاں، دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ بنیادی طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور امریکا و ایران کشیدگی کے پُرامن، پائیدار اور جامع حل پر توجہ مرکوز کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان ثالثی کا فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔ 17 جون کو امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد تعطل کا شکار ہونے والے مذاکرات کی بحالی اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں یہ دورہ انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔