اے سی سی انتخابات میں پاکستان کی تاریخی کامیابی، بھارتی حمایت یافتہ پینل کو کلین سویپ شکست

بنکاک: بینکاک میں منعقدہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ جنرل اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ڈائریکٹرز کی تینوں نشستوں پر بھارتی حمایت یافتہ پینل کو کلین سویپ شکست دے دی ہے۔

اے سی سی صدر محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں ڈائریکٹرز کی 3 نشستوں کے لیے کانٹے دار انتخاب ہوا۔ اس الیکشن میں پاکستان اور بھارت کے پینل آمنے سامنے تھے، جہاں بھارتی کرکٹ بورڈ کی نمائندگی راجیو شکلا کر رہے تھے۔

پاکستان کی حمایت یافتہ پینل (جس میں قطر کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عبدالعزیز، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے) نے تینوں نشستوں پر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ اے سی سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تمام نشستیں اپنے نام کی ہیں۔

اس کامیابی کو ایشین کرکٹ کونسل کے انتظامی امور میں پاکستان کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں انتخابات کے علاوہ سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی اور اگلے سال بنگلا دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کے وینیوز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ دبئی میں طے شدہ ویمنز ایشیا کپ اور ریجن میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔