ورلڈ کپ 2026 فائنل میں بدنظمی: فیفا کا سخت ایکشن، ارجنٹائن کے کھلاڑیوں اور آفیشلز پر پابندی اور بھاری جرمانہ
زیورخ: عالمی فٹبال باڈی (فیفا) نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات اور کھلاڑیوں کے درمیان جھڑپوں پر سخت انضباطی کارروائی کرتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 بین الاقوامی میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں 19 جولائی کو کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپوں کی مکمل تحقیقات کی گئیں۔
رپورٹ کی روشنی میں ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی ناہوئل مولینا پر 7 میچز کی معطلی اور 90 ہزار ڈالر جرمانہ جبکہ تھیاگو الماڈا اور اسپین کے گاوِی (پابلو مارٹن) کو ایک ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو بھی 3 میچز کے لیے معطل اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔
مزید برآں، فیفا ڈسپلنری کمیٹی نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) پر غیر اسپورٹس مین رویے، شائقین کے غیر مناسب رویے اور سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ارجنٹائن کو اپنے آئندہ ہوم میچز میں شائقین کی گنجائش 50 فیصد تک محدود رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسپین نے 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کا عالمی تاج اپنے نام کیا تھا، جس کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان بدمزگی دیکھنے میں آئی تھی۔

