راولپنڈی میں امن و امان کے لیے 6 ماہ کے لیے فوج تعینات کرنے کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ضلع راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کے لیے 6 ماہ کی مدت کے لیے پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں افواجِ پاکستان کی تعیناتی آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے یہ منظوری محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے اور درخواست پر دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ابتدائی طور پر پاک فوج کی 3 کمپنیاں راولپنڈی میں تعینات کی جائیں گی جو اگلے 6 ماہ تک ضلع میں مامور رہیں گی۔ فوج کی یہ کمپنیاں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان کی فضا قائم رکھنے، حساس مقامات کی حفاظت اور اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے خدمات انجام دیں گی۔