بلوچستان کی تقدیر صرف وہاں کے عوام کے ہاتھ میں ہے، دشمن کا جھوٹا بیانیہ ناکام ہو گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور صوبے کی تقدیر صرف بلوچستان کے غیور اور باوقار عوام کے ہاتھوں میں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات، سیاسی و سماجی قیادت اور معززین سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی و انسانی وسائل اور باصلاحیت نوجوانوں سے مالا مال ہے۔ دیرپا امن و استحکام ہی صوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور معاشی خوشحالی کی بنیاد ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہندوستان‘ دشمن عناصر کی غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی پراکسیز ہیں، جن کا مقصد بلوچستان کی ترقی کو روکنا اور عوام و ریاست کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست کے غیر متزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا جامع انداز میں مقابلہ کر کے سچ کو غالب لایا جائے گا۔
ملاقات میں شریک سیاسی و سماجی رہنماؤں نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے کامل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دشمن کا جھوٹا بیانیہ جلد اپنے ہی فریب میں دفن ہو جائے گا۔

