پاکستان میں گوگل کے پہلے دفتر کا افتتاح

اسلام آباد: پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ‘گوگل’ نے ملک میں اپنا پہلا باقاعدہ دفتر قائم کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گوگل کے شعبہ گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی کے نائب صدر ولسن وائٹ اور امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر کے ہمراہ دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ولسن وائٹ کی قیادت میں گوگل کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں ملک میں جاری ڈیجیٹل تبدیلی اور آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کے ‘ڈیجیٹل نیشن پاکستان’ وژن پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ قومی ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کے لیے اہم اقدامات حتمی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI) اور آئی ٹی کی تربیت دینے کے لیے گوگل کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی اہم قرار دیا۔

گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں مقامی دفتر کا قیام پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب کو تیز کرنے کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مقامی سطح پر کروم بک کی اسمبلی لائن کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اسمبل شدہ کروم بکس کو خطے کے دیگر ممالک میں برآمد کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ولسن وائٹ نے مزید کہا کہ گوگل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے آئی ٹی، اے آئی اور گیمنگ جیسے شعبوں میں تربیت کے پروگراموں کو مزید وسعت دے گا۔