اسلام آباد: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ ترین دستاویزات کے مطابق موجودہ وفاقی حکومت کے ابتدائی 28 ماہ کے دوران قومی قرضوں میں 18 ہزار 832 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2024 سے جون 2026 تک حکومت کے قرضوں میں اوسطاً ہر روز 22 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کے رپورٹ کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ نگران حکومت کے آخری مہینے یعنی فروری 2024 تک مرکزی حکومت کے کل قرضے 64 ہزار 810 ارب روپے تھے، جو گزشتہ 28 ماہ کے دوران مسلسل اضافے کے بعد جون 2026 کے اختتام تک بڑھ کر 83 ہزار 642 ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے۔
قرضوں کی تفصیلات کے مطابق فروری 2024 میں حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا جو جون 2026 تک بڑھ کر 59 ہزار 441 ارب روپے ہو گیا، یعنی مقامی قرضوں میں 16 ہزار 766 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اسی عرصے کے دوران بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے سے بڑھ کر 24 ہزار 201 ارب روپے ہو گیا، جس کا مطلب ہے کہ بیرونی مالیاتی التزامات میں 2 ہزار 66 ارب روپے کا اضافہ درج ہوا ہے۔

