کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ آپریشن ’آپریشن ردالفتنہ 3‘ کے تحت خاران کے علاقے لجے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دستی بم، دھماکہ خیز مواد، 2 گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت مشتاق احمد عرف کوہ یار کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں بھتہ خوری، لوٹ مار، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے خاران میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک میں آخری دہشت گرد کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔

