پٹرولیم ڈیلرز کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا بھی حکومت سے پرافٹ مارجن میں فوری اضافے کا مطالبہ

اسلام آباد: پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کے بعد اب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) نے بھی حکومت سے اپنے پرافٹ مارجن میں فوری اور مناسب اضافے کا باقاعدہ مطالبہ کر دیا ہے۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (OCAC) نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کو خط لکھ کر زور دیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیاں گزشتہ تین سالوں سے پرافٹ مارجن میں اضافے کی منتظر ہیں اور موجودہ شدید مالی و ریگولیٹری بوجھ کے باعث ان کے لیے کاروباری امور چلانا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

او سی اے سی کے سیکرٹری جنرل ناظر عباس زیدی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا موجودہ فی لیٹر پرافٹ مارجن 7 روپے 87 پیسے ہے، جس میں 2 روپے 23 پیسے کے فوری اضافے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کی جانب سے فی لیٹر مارجن میں 1 روپیہ 22 پیسے اضافے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم بڑھتے ہوئے اخراجات اور مالی مشکلات کے پیشِ نظر یہ رقم ناکافی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ او سی اے سی سے وابستہ بین الاقوامی آئل انویسٹرز بھی مالی دباؤ، بڑھتی ہوئی لاگت اور سخت ریگولیٹری تقاضوں کی وجہ سے شدید مسائل کا شکار ہیں۔

کونسل نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور انڈسٹری کو بحران سے بچانے کے لیے حکومت فوری طور پر پرافٹ مارجن میں بہتری کا فیصلہ کرے۔