صدر زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، ماضی کو بھلا کر حکومتی ذمہ داریاں مل کر نبھانے پر اتفاق
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی، داخلی و خارجی صورتحال، سیکیورٹی امور اور پاکستان، سعودی عرب و ترکیے کے درمیان طے پانے والے تاریخی "مکہ معاہدے” پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور انہیں مکہ مکرمہ میں تینوں ممالک کے مابین طے پانے والے سہ فریقی دفاعی و امن معاہدے سے متعلق آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی اس بریفنگ سے صدر مملکت کو نظر انداز کیے جانے کے تاثر کا خاتمہ ہوا۔
صدر آصف علی زرداری نے اس تزویراتی شراکت داری پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سفارتی و دفاعی کاوشوں کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حالیہ بیان بازی فوری روکنے اور ماضی کو دہرانے کے بجائے مل کر حکومتی و انتظامی ذمہ داریاں نبھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہیں بڑھایا جائے گا جس سے مخالفین کو موقع ملے۔ اس مقصد کے لیے مرکز اور پنجاب میں دونوں جماعتوں کی رابطہ کمیٹیوں کو فوری متحرک اور فعال کیا جائے گا تاکہ باہمی تحفظات کو افہام و تفہیم سے حل کیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران ‘فتنہ الہندوستان’ اور ‘فتنہ الخوارج’ کے خلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہرایا گیا۔ علاوہ ازیں، صدرِ مملکت نے موجودہ حالات میں عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے، اشیائے ضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی اور ریلیف اقدامات پر خصوصی زور دیا۔

