حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز مذاکرات ناکام: 15 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان

کراچی: حکومت اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) کے درمیان مذاکرات بظاہر ناکام ہو گئے ہیں، جس کے باعث ہفتہ 15 اگست 2026ء صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال اور پیٹرول پمپس بند رکھنے کا امکان شدید ہو گیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ اسلام آباد میں تقریباً پانچ گھنٹے طویل مذاکرات کیے، تاہم دونوں فریقین کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔

ذرائع کے مطابق ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل (Daily Price Fluctuation) کے نظام میں تبدیلی یا اسے منسوخ کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

اگرچہ حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے سیلز مارجن میں 1 روپیہ 34 پیسے فی لیٹر اضافے کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کروائی گئی، تاہم اس کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ کے فیصلے سے مشروط کی گئی ہے جس سے ڈیلرز مطمئن نہ ہو سکے۔

وزارتِ پیٹرولیم کے رویے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈیلرز کا وفد فوری طور پر کراچی واپس روانہ ہو گیا، جہاں ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

وفد میں وائس چیئرمین طارق حسن، وائس چیئرمین انور کمال، صدر سندھ امیر خان اور دیگر صوبائی نمائندے شامل تھے۔ ڈیلرز نمائندوں نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہفتہ 15 اگست کی صبح 6 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ بدستور برقرار ہے۔