اسلام آباد: وفاقی حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے درمیان دو روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں اگلے ایک سال تک ٹول ٹیکس نہ بڑھانے اور حالیہ اضافے میں کمی کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیرِ میری ٹائم افیئرز جنید انوار کے ساتھ گڈز ٹرانسپورٹرز کے طے پانے والے معاہدے کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جنید انوار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش اہم مسائل اور تحفظات پر یقین دہانیاں کروائیں۔
مذاکرات کے اہم فیصلے:
- ٹول ٹیکس: اگلے ایک سال تک ٹول ٹیکس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ حال ہی میں بڑھائے گئے ٹول ٹیکس کی شرح میں کچھ کمی کی جائے گی۔
- پیٹرولیم مصنوعات: ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہفتے یا 15 دن تک نہ بڑھانے اور قیمتوں کے تعین سے متعلق شفافیت لانے پر اتفاق ہوا ہے، جس پر وزارت کے سینئر حکام نے ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لیا۔
- عوامی و معاشی ریلیف: حکومت کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی حالات اور معاشی تناظر میں ٹرانسپورٹ شعبے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے مذاکرات میں ڈیڈ لاک کی نشاندہی کی تھی اور حکومت سے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد حکومتی ٹیم نے فوری پیش رفت کرتے ہوئے تمام تر تحفظات کو دور کر کے معاہدہ حتمی شکل میں طے کر لیا۔

