ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا اضافہ

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی کے آخری ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں اس اضافے کے بعد ملک کے مجموعی ذخائر کا حجم 22 ارب 47 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 1 کروڑ 31 لاکھ ڈالر اضافے کے بعد 17 ارب 4 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب، اسی عرصے کے دوران کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی 1 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ان کے ذخائر کا مجموعی حجم بڑھ کر 5 ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔