پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی: پیٹرول 3.19 اور ڈیزل 1.50 روپے فی لیٹر سستا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے 7 اگست کے لیے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارتِ توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 19 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 333 روپے 1 پیسے سے کم ہو کر 329 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 1 روپیہ 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 383 روپے 86 پیسے سے گھٹ کر 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، مٹی کا تیل بھی 2 روپے 36 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے جس کی نئی قیمت 291 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اوگرا کے اعداد و شمار کے مطابق ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 1 روپیہ 21 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کی نئی شرح 73 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے جبکہ پیٹرول پر لیوی 80 روپے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رکھی گئی ہے۔

وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ ردوبدل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات اور حکومت کے نظرثانی شدہ پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے اضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔