راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 5 اور 6 اگست 2026 کو "ردالفتنہ-3” مہم کے تحت کی گئیں۔
5 اگست کو ضلع واشک میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر بروقت کارروائی کی گئی جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ 6 اگست کو مستونگ میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کا ایک ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ‘عزمِ استحکام’ اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو ان کامیاب آپریشنز پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

