اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کو پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام نہیں کریں گی، ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور حکومت انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں شروع ہونے والا "سی ایم ویمن امپاورمنٹ پروگرام” اب "پی ایم ویمن امپاورمنٹ پیکیج” کے طور پر ملک بھر میں نافذ کیا جا رہا ہے، تاکہ خواتین کو تعلیم، روزگار اور کاروبار میں برابر کے مواقع دیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے دیہی اور شہری خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہات میں خواتین کھیتوں میں دن رات محنت کرتی ہیں، جبکہ بڑے شہروں میں تعلیم یافتہ خواتین ہر شعبے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہیں۔ تاہم، انہیں مزید مواقع دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ برآمدات، درآمدات اور دیگر اہم شعبوں میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علم بردار ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی خواتین کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کریں۔ وزیراعظم نے قوم کو پیغام دیا کہ محنت، جدوجہد اور خواتین کی شمولیت سے ہی پاکستان ایک عظیم ملک بن سکتا ہے۔

