اپوزیشن لیڈر کا پاک فوج پر بیان افسوسناک اور جھوٹ پر مبنی، دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی ہے: سکیورٹی ذرائع
سکیورٹی ذرائع نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے پاک فوج سے متعلق حالیہ بیان کو انتہائی افسوسناک اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور سیاسی و قانونی معاملات کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق عدالتیں ہی کرتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوج، پولیس یا ایف سی کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے، جس میں کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور بلاامتیاز عمل درآمد سے مشروط ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ اسلام آباد حملے میں ملوث دہشت گرد کو افغانستان میں تربیت دی گئی تھی، تاہم اس ضمن میں کسی کی سیاسی یا مذہبی وابستگی سے قطع نظر دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد ناگزیر ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے اندر اسپانسرڈ دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور بیرونی و اندرونی سازشی عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں وقت کی ضرورت ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تین سال قبل ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی 15 سے 20 ملین لیٹر سالانہ اسمگلنگ ہوتی تھی، جو اب ختم ہوچکی ہے، جبکہ اسمگلنگ سے حاصل ہونے والا سرمایہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوتا رہا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گڈ گورننس ہی وہ واحد راستہ ہے جو دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرسکتا ہے۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے بھی نیشنل ایکشن پلان کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اس سلسلے میں حالیہ مشاورتی اجلاس خوش آئند ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فتنۃ الہندوستان درحقیقت بلوچ عوام اور بلوچستان کی ترقی کا دشمن ہے اور احساس محرومی کے نعروں کی آڑ میں دہشت گردی کرنے والوں کو بلوچستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں۔
سینیئر سکیورٹی افسر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں قومیت، لسانیت یا صوبائیت کی بنیاد پر تقسیم ہونے کے بجائے متحد ہو کر تمام فتنوں کا خاتمہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بیانیہ فوج اور عوام کے مضبوط رشتے کو کمزور نہیں کرسکتا، ہمارا واحد بیانیہ پاکستان ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کے دوروں سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ نوجوان نسل پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
سینیئر افسر کے مطابق جس طرح معرکۂ حق میں بھارت کو شکست دی گئی، اسی طرح دہشت گردوں کو بھی شکست دی جائے گی۔

