ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے مجوزہ 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کے سلسلے میں اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر اور بروقت عمل درآمد سے اس کے مثبت اثرات کو زیادہ سے زیادہ بنایا جا سکتا ہے۔
یہ پیشرفت سعودی عرب میں سالانہ الولا کانفرنس برائے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر اینا بجرڈے کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
ملاقات میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں فریقین نے توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور مالیاتی اصلاحات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کے لیے تقریباً 20 ارب ڈالر کے طویل المدتی ترقیاتی پروگرام کی حمایت کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے ثمرات کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی ادارے کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ وفاقی وزارتیں بھرپور معاونت فراہم کریں گی۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ منصوبوں کی بہتر ہم آہنگی اور مؤثر عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومتوں کا فعال کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے تاکہ ترقیاتی اہداف کو عملی شکل دی جا سکے۔

