بلوچستان میں آپریشن ردّالفتنہ-1 مکمل، 216 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری آپریشن ردّالفتنہ-1 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پنجگور اور ہرنائی سمیت مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں جن کا مقصد بیرونی پشت پناہی میں سرگرم عناصر کے نیٹ ورکس کو ختم کرنا تھا۔

ترجمان کے مطابق مربوط اور تیز رفتار کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا جس سے نیٹ ورک کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور عملی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

کلیئرنس اور کومبنگ آپریشنز کے نتیجے میں غیر ملکی ساختہ اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا جبکہ بیرونی معاونت اور لاجسٹک سپورٹ کے شواہد سامنے آئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 36 معصوم شہری شہید ہوئے جبکہ وطن کے دفاع میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 22 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان کے مطابق شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور قومی ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

صدر مملکت اور وزیر اعظم نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔