اعلیٰ کارکردگی والے افسران کی حوصلہ افزائی کے لیے بونس اور ترقیاں دینے کی حکومتی تجویز پر کمیٹی نے سفارشات تیار کرنے کے لیے پانچ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیے ہیں۔
حکومت نے اپنے اعلیٰ کارکردگی والے افسران کو بونس اور ترقیاں دینے کے لیے ایک جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس نے 5 سب ورکنگ گروپ تشکیل دیے ہیں۔
یہ ورکنگ گروپ حکومت کے دیے گئے قواعد و ضوابط (ٹی او آرز) کی روشنی میں سفارشات مرتب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس پلان کا مقصد ای آفیس کو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں اپ گریڈ کرنا ہے اور اس کے ذریعے کارکردگی کے جائزہ رپورٹوں کو منسلک کیا جائے گا۔
کمیٹی نے سسٹم کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز تیار کی ہیں جن میں شفافیت، جوابدہی، محکموں کے درمیان تعاون اور ای آفیس کو مربوط بنانے کی سفارشات شامل ہیں۔ مزید یہ کہ نئے طریقہ کار اور ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے لیے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔
حکومت کی یہ کوشش ہے کہ افسران کی کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ سازی کی جائے اور انہیں ترقیاں اور بونس دیے جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پانچ سب ورکنگ گروپوں میں سے ہر ایک اپنے سربراہ کی زیر نگرانی سفارشات تیار کرے گا، جن میں عارف سعید، محمد علی، ناصر کھوسہ، سلمان احمد اور جہانزیب خان شامل ہیں۔

