گلوبل اکنامک گیلپ سروے کے تازہ نتائج کے مطابق پاکستان نے معیشت اور امن کے حوالے سے بھارت اور عالمی اوسط دونوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
60 ممالک میں کیے گئے اس عالمی سروے میں 2026 کے آغاز پر عوامی توقعات اور رجحانات کا جائزہ لیا گیا، جس میں پاکستان کی کارکردگی نمایاں طور پر بہتر سامنے آئی۔
سروے کے مطابق، پاکستان میں 51 فیصد افراد آنے والے سال کے بارے میں پُرامید ہیں، جس سے 31 فیصد کا نیٹ مثبت رجحان بنتا ہے۔
معاشی حوالے سے 53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو خوشحالی کا سال قرار دیا، جو بھارت کے 39 فیصد اور عالمی اوسط 24 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
امن کے بارے میں بھی پاکستانی عوام کا اعتماد بلند رہا، جہاں 52 فیصد افراد نے دنیا میں امن کی صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کی، جبکہ بھارت میں یہ شرح صرف 26 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
گیلپ کے مطابق، پاکستان میں امید کی یہ سطح 1994 کے بعد بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے، اور ماضی میں ایسا رجحان 1990 کی دہائی کے آخر اور 2010 کی دہائی کے وسط میں دیکھا گیا تھا۔
مجموعی طور پر پاکستان نے تین اہم پیمانوں؛ مجموعی امید، معاشی خوشحالی اور امن کی توقع میں عالمی اوسط سے بہتر کارکردگی دکھائی، جبکہ ان میں سے دو پیمانوں میں بھارت پر واضح سبقت حاصل کی۔
غیر یقینی عالمی حالات کے باوجود یہ سروے اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستانی عوام 2026 کے حوالے سے پُراعتماد اور پُرامید ہیں اور عالمی و علاقائی سطح پر پاکستان کی تصویر نسبتاً مثبت دکھائی دیتی ہے۔

