عوام پر مزید بوجھ، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافہ

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد مہنگائی کے شکار عوام پر مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 219 روپے 68 پیسے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں 11.8 کلوگرام وزنی گھریلو سلنڈر 126 روپے 9 پیسے مہنگا ہو گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 2592 روپے 19 پیسے طے کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا، جس کے بعد صارفین کو زیادہ قیمت پر ایل پی جی خریدنا پڑے گی۔