مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان، محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی۔
پشاور: ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد پہلا روزہ 2 مارچ کو ہو گا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخیبر آزاد کی زیر صدارت ہوا، جس کے بعد پریس کانفرنس میں کمیٹی کے چیئرمین نے اس بات کا اعلان کیا۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے کہیں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے رمضان کا آغاز اتوار 2 مارچ سے ہوگا۔ اس سے قبل، ملک کی تمام زونل کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے کے بارے میں مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی تھی، اور بتایا کہ آج صبح 5 بج کر 44 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر 16 سے 18 گھنٹے ہونی چاہیے تھی۔
دوسری جانب سپارکو نے بھی بتایا تھا کہ شوال کا چاند 30 مارچ کو متوقع ہے، اور عیدالفطر 31 مارچ کو ہو سکتی ہے۔

