خیبر پختونخوا سے ملک کے توانائی شعبے کے لیے حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے، جہاں نشپا بلاک کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے مطابق براگزئی ایکس-ون کنویں سے یومیہ 2,280 بیرل خام تیل اور 5.6 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے، جو ملکی سطح پر توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ دریافت نشپا بلاک کے کنگریالی فارمیشن سے ہونے والی پہلی اہم ہائیڈروکاربن دریافت ہے۔ براگزئی ایکس-ون کنویں کی ڈرلنگ 5,170 میٹر گہرائی تک مکمل کی گئی، جس کے بعد ٹیسٹنگ اور تجزیے سے واضح ہوا کہ علاقے میں تجارتی بنیادوں پر پیداواری صلاحیت موجود ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق، نشپا بلاک میں کمپنی بطور آپریٹر 65 فیصد شیئر رکھتی ہے، جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے ساتھ شراکت دار ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ نئی دریافت نہ صرف کمپنی کے ذخائر میں اضافہ کرے گی بلکہ ملک کو درآمدی تیل اور گیس پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد دے گی۔
ماہرین کے مطابق، اس دریافت سے خیبر پختونخوا میں توانائی کے شعبے کی ترقی میں بھی تیزی آئے گی اور مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ حکام نے توقع ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس بلاک سے مزید مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

