اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 88 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔ کمی کا اطلاق کے-الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام صارفین پر ہوگا۔
نیپرا کے اعلامیے کے مطابق، بجلی صارفین کو یہ ریلیف دسمبر کے بلوں میں فراہم کیا جائے گا، تاہم لائف لائن، پروٹیکٹڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس کمی سے مستفید نہیں ہوں گے۔
فیصلے کے ساتھ ممبر ٹیکنیکل رفیق شیخ کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ بجلی کمپنیوں کی نااہلیوں کا بوجھ صارفین پر نہیں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ گڈو 747 پلانٹ کو اوپن سائیکل پر چلانے کی وجہ سے ایک ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پیدا ہوا۔
نیپرا نے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں قیمت میں کمی کی ملکی سطح پر یکساں عمل درآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، نیپرا نے حکومتی درخواست پر صنعتوں اور زرعی شعبے کے لیے اضافی بجلی کی کھپت پر رعایتی نرخ کی منظوری بھی دے دی ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق اضافی استعمال کی صورت میں فی یونٹ ریٹ 22 روپے 98 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔

