شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خوارج ہلاک

پاک فوج کی مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کا بڑا نقصان، ہلاک ہونے والے دہشت گرد بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

شمالی وزیرستان: خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 6 خوارج ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف اہم سرگرمیوں میں ملوث تھے اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ان کا ہاتھ تھا۔

آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا کہ علاقے میں مزید کسی خوارج کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔