پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی میں کمی، سالانہ شرح 4 فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4 فیصد تک آگئی۔ یہ اعداد و شمار وفاقی ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے 13 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 15 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں اور 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ کے مطابق لہسن کی قیمت میں 1.86 فیصد، کوکنگ آئل 1.54 فیصد، انڈے 0.81 فیصد اور گھی 0.40 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی دوران کیلے، آٹا، ایل پی جی اور سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق، ایک ہفتے میں سبزیوں اور دیگر اشیاء میں کمی بھی دیکھی گئی، ٹماٹر 30.11 فیصد، پیاز 12.41 فیصد اور آلو 6.92 فیصد سستے ہوئے، جبکہ چکن کی قیمت میں 4.46 فیصد اور چینی میں 3.31 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ دال چنا، دال مسور، ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

مہنگائی میں اس کمی سے صارفین کو مہنگائی کے دباؤ میں کچھ ریلیف ملا ہے، تاہم کچھ اہم اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کے باعث عام شہریوں کے اخراجات پر اثرات برقرار ہیں۔