اسلام آباد: پاکستان نے قطر اور اٹلی سے آئندہ دو برسوں میں درآمد کی جانے والی مجموعی طور پر 45 ایل این جی کارگوز کی خریداری منسوخ کر دی ہے۔ توانائی سے متعلق اعلیٰ حکومتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ملک کی گرتی ہوئی گیس طلب، مالی دباؤ اور موجودہ طویل مدتی معاہدوں کی نئی قیمتوں پر نظرِثانی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، قطر سے 2026 میں متوقع 24 ایل این جی کارگوز خریدنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، جبکہ اٹلی کی کمپنی کے ساتھ ہونے والے طویل المدتی معاہدے کے تحت 2026 میں درآمد کیے جانے والے 12 میں سے صرف ایک کارگو منگوایا جائے گا، جو جنوری 2026 میں پہنچے گا۔ باقی تمام کارگوز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح 2027 کے لیے طے شدہ اٹلی سے درآمد کیے جانے والے 12 میں سے 10 کارگوز بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے طویل المدتی ایل این جی سپلائی کنٹریکٹس کی شرائط کے اندر رہتے ہوئے کیے گئے ہیں اور متعلقہ عالمی کمپنیوں کو تمام منسوخیاں مکمل طور پر آگاہ کر دی گئی ہیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق، موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی کوشش ہے کہ گیس کی درآمدات کو ملکی کھپت، ادائیگی کی صلاحیت اور ذخیرہ اندوزی کی گنجائش کے مطابق بہتر انداز میں ہم آہنگ کیا جائے، تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہو اور توانائی کے شعبے میں مالی خسارہ مزید نہ بڑھے۔
حکام کے مطابق، مستقبل قریب میں گیس کی ڈیمانڈ کا ازسرِنو جائزہ لینے کے بعد نئے انتظامات کیے جائیں گے، جب کہ موجودہ کنٹریکٹس میں مزید تبدیلیوں کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔

