سعودی عرب نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی

سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کی معاشی معاونت جاری رکھتے ہوئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے یہ توسیع اس وقت دی جب ڈپازٹ کی موجودہ مدت آج ختم ہورہی تھی۔

ذرائع کے مطابق، 3 ارب ڈالر کی یہ رقم اس وقت اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس موجود ہے، جبکہ توسیع کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر فوری دباؤ کم ہوگا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے یہ ڈپازٹ پہلی بار 2021 میں پاکستان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے تحت فراہم کیا تھا، جس کا مقصد ملکی معاشی استحکام میں مدد فراہم کرنا تھا۔

معاشی ماہرین کے مطابق، توسیع کا یہ فیصلہ پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی ساکھ کے لیے اہم ہے اور آنے والے مہینوں میں معاشی اعتماد کے استحکام میں کردار ادا کرے گا۔