پاکستان شاہینز نے سری لنکا کو ہرا کر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی

دوحا میں کھیلے گئے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا اے کو 5 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سری لنکا اے کی ٹیم 154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھرپور جدوجہد کے باوجود 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، جبکہ معاذ صداقت نے 23 اور احمد دانیال و سعد مسعود نے 22، 22 رنز بنائے۔ شاہینز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا اے کی جانب سے پرمود مدوشن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تراوین میتھیو نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا اے کی ٹیم کے ملن رتنایکے نے 40 رنز بنا کر مزاحمت کی، وِشن ہلمباگے نے 29 اور لستھ کروسپل نے 27 رنز اسکور کیے، مگر دیگر بیٹرز ناکام رہے۔

پاکستانی بولرز میں سعد مسعود اور سفیان مقیم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال، عبید شاہ اور شاہد عزیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاہینز نے بہترین ٹیم ورک کے ساتھ مقابلہ 5 رنز سے اپنے نام کیا اور فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اتوار کو ہونے والے فائنل میں بنگلادیش اے کا مقابلہ کریں گے۔