ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کا سنسنی خیز سیمی فائنل: بنگلادیش نے بھارت کو سپر اوور میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

دوحا: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش اے نے بھارت اے کو سپر اوور میں سنسنی خیز انداز میں شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

میچ کا آغاز بھارت اے کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا، جس کے بعد بنگلادیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے۔ بنگلادیش کے بیٹرز نے پورے اننگز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے بھی شاندار مقابلہ کیا۔ میچ کے آخری لمحوں میں سنسنی اس وقت بڑھ گئی جب بھارت کو آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے۔ اوور تھرو کی بدولت بھارتی بیٹرز نے 3 رنز بنا کر میچ کو ٹائی کردیا۔

میچ کا فیصلہ پھر سپر اوور پر ہوا، جہاں بھارت اے شدید دباؤ میں نظر آیا۔ بھارتی ٹیم کے دونوں بیٹر ابتدائی دو گیندوں پر بغیر رن بنائے آؤٹ ہوگئے، جس کے باعث بنگلادیش کو محض 1 رن کا آسان ہدف ملا۔

جواب میں سپر اوور کی پہلی گیند ہی وائیڈ قرار پائی، جس پر بنگلادیش نے مطلوبہ ایک رن حاصل کرکے بھارت کو سیمی فائنل میں شکست دے دی اور فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے میچ کے بعد ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں بڑی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مقابل ہوں گی۔