دبئی میں جاری انٹرنیشنل ایئر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کیا گیا لڑاکا طیارہ ’تیجس‘ فضائی کرتب دکھاتے ہوئے گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اس المناک واقعے نے نہ صرف شو کو جھٹکا پہنچایا بلکہ بھارتی فضائیہ کو عالمی سطح پر شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی ائیر فورس نے طیارے کے کریش اور پائلٹ کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب تیجس طیارہ ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران اچانک توازن کھو بیٹھا اور زمین سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک حصے سے دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ ابتدائی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث گرا، اور پائلٹ ایجیکٹ کرنے میں ناکام رہا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی تیجس طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اس کے فیول ٹینک سے آئل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا۔ ترک دفاعی جریدے کے مطابق وہی طیارہ حادثے سے ایک دن قبل ایندھن کے اخراج کا شکار بھی ہوا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 2016 سے سروس میں موجود یہ طیارہ دو سال کے عرصے میں دوسری بار کریش ہوا ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں بھی تیجس لڑاکا طیارہ راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
دبئی ایئر شو کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کا جنگی طیارہ شو کے دوران گر کر تباہ ہوا ہو، جس کے باعث ایئر شو کے ایروبیٹکس سیشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

