سہ ملکی ٹی20 سیریز: پہلے میچ میں پاکستان کی زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست

راولپنڈی: پاکستان نے سہ ملکی ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کے ہدف کو 19.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے فتح حاصل کی۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔

برائن بنیٹ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ٹیڈیونا شے مارومانی 30 اور کپتان سکندر رضا 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد، سلمان مرزا اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز میں فخر زمان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ صائم ایوب نے 22 اور صاحبزادہ فرحان نے 16 رنز بنائے۔ عثمان خان 37 اور محمد نواز 20 رنز ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح دلائی۔ کپتان سلمان علی آغا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹے۔ زمبابوے کی جانب سے بریڈ ایونز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔