بھارت کے 7 طیارے گرنے کا یاد دلاتے رہیں گے، مودی کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، بلاول بھٹو

مظفرآباد میں میں نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد دنیا نے پاکستان کی صلاحیت اور بہادری کا عملی مظاہرہ دیکھا، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی برادری کے سامنے خود کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب عوام کا نمائندہ ان کی صحیح ترجمانی نہ کر سکے تو عوام کو خود میدان میں آنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیر کے عوام احتجاج میں تھے، تو فیصل راٹھور ان کے ساتھ کھڑے تھے اور آج وہ مظفرآباد کے حقیقی عوامی نمائندے ہیں۔ ان کے مطابق، فیصل راٹھور کے عوام سے کیے گئے وعدے ان کے پاس امانت ہیں، اور پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی حکومت بند کمروں میں نہیں، عوام کے درمیان رہ کر چلائے گی۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیا گیا تھا، مگر وہ خود انتخابات کے دوران آزاد کشمیر کے عوام سے ملے اور کبھی مایوسی کا سامنا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام سیاسی شعور میں پورے ملک سے آگے ہیں۔

بھارت سے حالیہ کشیدگی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر فورم پر بھارت دفاعی پوزیشن میں ہے، جبکہ امریکا سمیت کئی ممالک مودی حکومت کو یاد دلاتے ہیں کہ ان کے سات طیارے تباہ ہوئے تھے۔ بلاول نے کہا کہ بھارت پاکستان اور کشمیر کے مضبوط بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہا ہے، مگر مودی حکومت نہ صرف جنگ میں شکست کھا چکی ہے بلکہ ان کی سازشیں بھی ناکام ہوں گی۔