اسجد اقبال نے بھارتی حریف کو شکست دے کر اسنوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستانی کیؤ اسٹار اسجد اقبال نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اسنوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ عمان میں جاری میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے بھارت کے معروف کیوئیسٹ پنکج ایڈوانی کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔

پاکستانی کھلاڑی نے میچ میں ابتدا سے ہی گرفت مضبوط رکھی اور بھارتی حریف کو کسی بھی فریم میں کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔ اسجد اقبال نے کوارٹر فائنل 100-00، 92-37، 117-16 اور 83-21 کے واضح مارجن سے اپنے نام کیا۔

اس شاندار جیت کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے سے مصافحہ اور گلے مل کر میچ کا اختتام کیا۔

ایونٹ کے سیمی فائنل میں اسجد اقبال کا مقابلہ کل فرانس کے کیوئیسٹ نکولز مورٹریوکس سے ہوگا، جہاں پاکستانی کھلاڑی سے مزید عمدہ کھیل کی توقع کی جا رہی ہے۔