سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو روز کے دوران کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کے مزید 23 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اس سے قبل 15 اور 16 نومبر کو بھی 15 خوارج مارے گئے تھے، جس کے بعد مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 16 اور 17 نومبر کو باجوڑ اور 18 نومبر کو بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو بڑی کارروائیاں کی گئیں۔ باجوڑ میں دہشت گردوں کے ایک مضبوط ٹھکانے پر کارروائی کے دوران گروہ کے اہم سرغنہ سجاد عرف ابوزر سمیت 11 خوارج مارے گئے۔ کارروائی شہری آبادی کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔
اسی نوعیت کی دوسری کارروائی بنوں میں کی گئی، جہاں فورسز نے مؤثر حکمتِ عملی اور فضائی نگرانی کے ذریعے 12 مزید خوارج کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کارروائیاں ہدف کے درست تعین، فضائی نگرانی اور زمینی سرچ آپریشنز کی مدد سے مکمل کی گئیں، جس کا مقصد دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ممکنہ حملوں کو روکنا تھا۔
فورسز کے ترجمان نے بتایا کہ باجوڑ اور بنوں سمیت متعلقہ علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد عنصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری ملک گیر انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری ہے اور عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں کارروائی کے دوران سرکردہ کمانڈر عالم محسود سمیت 10 خوارج مارے گئے تھے، جبکہ شمالی وزیرستان کے دتہ خیل میں 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ صوبے اور ملک بھر میں امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔

