آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل: چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب
مظفرآباد میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف پیش کی جانے والی تحریکِ عدم اعتماد سادہ اکثریت سے کامیاب ہوگئی، جس کے بعد راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو نیا وزیراعظم منتخب کرلیا گیا۔ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت اجلاس میں مخالف اراکین نے تحریک پیش کی، جس میں سردار جاوید ایوب اور چوہدری قاسم مجید سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔
ایوان میں ووٹنگ کے دوران فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے جبکہ مخالفت میں صرف 2 ووٹ ڈالے گئے۔ تحریک کی کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار تھے، جو آسانی سے حاصل کر لیے گئے۔ فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم ہوں گے۔
قبل ازیں، چوہدری انوار الحق، جو اپریل 2023ء میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، مستعفی ہونے کے بجائے تحریکِ عدم اعتماد کا سامنا کرنے ایوان پہنچے اور اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ کسی ایک شخص کو آئینی اور انتظامی ڈھانچے کی تباہی کا ذمے دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل بروز منگل متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود علالت کے باعث حلف نہیں لیں گے، جبکہ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نو منتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
خیال رہے کہ نئی حکومت کو متعدد سیاسی چیلنجز درپیش ہوں گے، جن میں ایکشن کمیٹی کے معاہدوں پر مکمل عمل درآمد، مسلم لیگ ن کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے، اور کابینہ کو 20 وزراء تک محدود رکھنے جیسی اہم آزمائشیں شامل ہیں۔ آج کی رائے شماری کو آزاد کشمیر کی سیاست کے نئے دور کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

